Admin

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں‌ہسپتال منتقل کردیا ، پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق طبیعت ناسازی کے باعث بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کے آج کے احتجاجی جلسے میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی علی امین گنڈا پور مشال یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ بشریٰ بی بی طبعیت کی ناسازی کے باعث احتجاج میں شرکت نہیں کرسکیں گی

مشعال یوسفزئی نے ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹروں نے بشریٰ بی بی کو زیادہ سفر کرنے سے منع کیا ہے۔پی ٹی آئی نے اپنے اراکین اور کارکنوں کو اسلام آباد میں جمع ہونے اور عمران خان کی رہائی اور 26ویں آئینی ترمیم کے منسوخ ہونے تک احتجاجی ریلی اور دھرنا دینے کی ‘حتمی کال’ جاری کی ہے۔

پی ٹی آئی کی قیادت میں خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی خطرات کو اجاگر کرنے کے باوجود احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات (21 نومبر) کو بشریٰ بی بی نے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ آج کے جلسے کے لیے باہر آئیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں سعودی عرب اور سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے بارے میں کچھ خاص تبصرے کیے ہیں، جو پی ٹی آئی کے حامیوں اور ناقدین کی طرف سے یکساں تنقید کا نشانہ بنے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی حکومت سعودی عرب کی تنقید اور قمر باجوہ کی شمولیت کی وجہ سے گرائی گئی۔ سابق آرمی چیف نے سابق خاتون اول کے دعوؤں کی سخت تردید کی تھی جب کہ ان کے خلاف عوام کو گمراہ کرنے پر دو نئے مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

اس وقت اڈیالہ جیل میں نظر بند عمران خان نے بشریٰ بی بی کے پیغام کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ کا جان بوجھ کر غلط مطلب لیا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اور پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے بھی اس بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی سعودی حکومت پر الزام نہیں لگا رہی تھیں

Post a Comment